لپ بام،کولڈ کریم اور پٹرولیم جیلی لے لیں
پاکستان کے شمالی علاقوں میں سردیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور میدانی علاقوں میں اگلے ایک ماہ میں شروع ہو جائے گا۔کراچی،حیدر آباد اور دیگر کچھ شہروں میں لو چلی اور پھر بارشوں نے موسم کو نکھار دیا۔اس نکھار نے ہمیں خشکی کا تحفہ دیا تو مسئلہ پھر اُٹھا کہ اب کیا صرف پانی کے 8 گلاس پی کر یا یخنی پی کر گزارا ہو جائے گا؟اندرونی صحت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ بیرونی جلد کی دیکھ بھال بھی اتنی ہی ضروری ہو چکی ہے۔
اس ماہ کی خریداری کی فہرست میں موئسچرائزر،لپ بام،کولڈ کریم،ہینڈ لوشن اور پٹرولیم جیلی ضرور شامل کریں کہ ان اشیاء کی ضرورت آپ کو مارچ کے اوائل یا فروری کے آخری ہفتے تک رہ سکتی ہے۔
موئسچرائزر اور SPF صرف گرمیوں ہی میں گھر سے باہر جاتے وقت نہیں لگائے جاتے بلکہ سرما کی دھوپ بھی کچھ کم مضر نہیں ہوتی خاص کر دن کے گیارہ بجے سے چار بجے تک اسے نرم دھوپ نہیں کہا جا سکتا۔
آپ کی جلد کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے محفوظ رہنا ضروری ہے۔اس لئے SPF کسی بڑے رجے کا خریدیں اور گھر میں تیار ہونے سے پہلے اس کی کچھ مقدار جسم کے تمام کھلے حصوں پر لگائیں۔اسے جذب ہونے دیں پھر BB کریم اور فیس پاؤڈر لگا کر باقی تیاری مکمل کر لیں۔
پٹرولیم جیلی یا ٹی ٹری آئل یا پھر لپ بام
یہ تمام ہی بہترین انتخاب ہیں۔
آپ کبھی صرف پٹرولیم جیلی لگا لیں اور کبھی Tea Tree آئل ہونٹوں پر لگا کر انہیں قدرتی نمی برقرار رکھنے کے لائق بنا لیں۔عام حالات میں آپ کو گھر سے باہر جاتے وقت لپ اسٹک نہیں لگانی چاہئے کیونکہ روزانہ لپ اسٹک لگانے سے ہونٹ سیاہ پڑ جاتے ہیں۔اگر آپ صرف لپ بام بھی لگا لیتی ہیں تو ہونٹ گلابی قدرتی رنگت میں رہیں گے۔
کولڈ کریم بہترین کلینزر بھی ہے
اسی طرح پٹرولیم جیلی بھی میک اپ اتارتی ہے۔
یہ کام روزانہ کی بنیادوں پر کئے جائیں تو ان کے شاندار نتائج برآمد ہوں گے۔خشک جلد والوں کے لئے یہ موسم نسبتاً زیادہ مسائل لاتا ہے۔ان لوگوں کو الرجی بھی فوراً ہوتی ہے لہٰذا خوشبو سے مبرا اور ہلکی کریم لگا سکتے ہیں۔مہنگی مصنوعات کے بجائے آپ پٹرولیم جیلی ہی خرید لیں۔یا پھر Oily Cleansers کا استعمال کر سکتے ہیں۔آپ خاص کر ایسی چیزیں خریدتے وقت اجزاء ضرور پڑھا کیجئے کیونکہ ان میں الکحل،تیزابی مادے اور کچھ Astringents ایسے پائے جاتے ہیں جو جلد کو مزید خشک کر سکتے ہیں۔
حساس جلد ایسی مصنوعات کا استعمال کریں جن میں ایلو ویرا،لیونڈر،روزمیری،کیمومائل،کافور،کیلاسمن وغیرہ شامل ہوں۔چہرہ دھونے کے لئے بیسن یا جئی کا استعمال مفید ہوتا ہے مگر آج کل نوجوان لڑکیاں فیس واش ہی استعمال کرنا چاہتی ہیں۔کسی چھٹی والے روز جئی کو پانی میں بھگو کر ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر ملیں جیسے اُبٹن ملا جاتا ہے اور اگر اس محلول میں ایلو ویرا کا جل (گودا) ملا لیا جائے تو اور بھی مفید رہتا ہے۔
ہونٹوں کی جلد کیسے محفوظ رہے گی؟
کبھی بھولے سے بھی ہونٹوں پر بار بار زبان نہ پھیری جائے اس طرح ہونٹ سیاہ پڑتے ہیں۔ہونٹوں کی جلد میں Oil Glands نہیں ہوتے اس لئے موسم بدلتے ہی ہونٹ خشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں۔آپ روغن زیتون،بادام،شیابٹر،پٹرولیم جیلی یا ایسے لپ بام جن میں وٹامن E اور Tea Tree Oil موجود ہو انہیں بدل بدل کر لگائیں۔
ہونٹوں کی سیاہی دور ہو گی اور ساتھ ہی ساتھ نمی بھی پیدا ہو گی۔ہونٹوں کو عرق گلاب سے صاف کیا جا سکتا ہے۔چند آزمودہ اور بہترین لپ بام یہ ہیں۔
Strawberry Lip Balm,Rose Petal Lip Balm,Lake,Nivea,Fruit Lip Balm,Vaadi Herbals،ان تمام میں ٹرانسپیرینٹ اور گلابی رنگت والے بام بھی دستیاب ہیں۔رنگین بام لپ اسٹک کا نعم البدل ہو سکتے ہیں کم از کم دروزانہ گھر سے باہر جانے والوں کو لپ اسٹک کا استعمال نہ کرنا ہو تو یہی بہتر انتخاب ہے۔

0 Comments